وزیراعظم کے ہسپتالوں پر چھاپے، عوام کا درد یا سیاسی کرتب؟ نوراللہ

وزیراعظم کے ہسپتالوں پر چھاپے، عوام کا درد یا سیاسی کرتب؟ نوراللہ

چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں کا اچانک اور غیر اعلانیہ دورہ کیا- ماضی کے حکمرانوں کی طرح عمران خان دیگر مسائل کے علاوہ ایک بیڈ پر زیادہ مریضوں کی موجودگی پر بھی برہم تھے- اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پریس کانفرنس میں کچھ تفصیلات بھی بتائیں-

یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ ہمارے حکمران ایک بیڈ پر زیادہ مریض دیکھ کر ناراض کیوں ہوتے ہیں جبکہ اس بات کا منطقی مطلب تو یہ ہے کہ گنجائش میں کمی کے باوجود اس ہسپتال کا عملہ/انتظامیہ مریضوں کو جواب دینے کی بجائے علاج کی سہولت فرام کرنے کی کوشش میں مصروف ہے-

وزیراعظم عمران خان کے دورے کا بظاہر مقصد تو مسائل سے آگاہی اور لوگوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی سعی ہے لیکن صحت کے شعبے کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اس سے بالکل مختلف صورتحال کی غماز ہے- پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹوں اور مفت ادویات کی سہولت جو گذشتہ حکومتوں کے ادوار میں میسر تھی وہ مرحلہ وار ختم کی جارہی ہے اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے 18 فروری 2019 کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جو محکمہ صحت کی ویب سائٹ

https://health.punjab.gov.pk/Notifications.aspx

پر آج کی تاریخ( 27 مئی 2019) تک موجود ہے
اگر موجودہ حکومت بڑے شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں عوام کے لئے علاج کی سہولت فراہم کرنے سے قاصر ہے تو دیگر شہروں میں وزیراعظم کے ایسے اچانک دورے انکی سیاسی ساکھ کو سنبھالا دینے میں وقتی طور پر تو معاون ثابت ہوسکتے ہیں لیکن جلد ہی حکومت کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی پر عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا
تحریک انصاف نے ہمیشہ صحت کے حوالے سے بلند وبانگ دعوئے کے اور عوام کو یہ امید دلائ کہ ان کی حکومت صحت کی سہولتوں کو بہت بہتر کردے گی جو کی گذشتہ حکومتوں میں کرپشن کی وجہ سے بہتر نہیں ہو پارہی تھیں

اگرچہ حکومتی وزراء کا مؤقف ہے کہ “صحت انصاف کارڈ” غریب عوام کے لئے صحت کے مسائل کا حل ثابت ہوگا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ چند لاکھ لوگوں کو صحت کارڈز دے کر حکومت کیلئے 22 کروڑ لوگوں کو، جن کی اکثریت نجی شعبے کے اخراجات پرداشت نہیں کرسکتی، مطمئن کرنا ناممکن ہے

ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت نا صرف گذشتہ ادوار میں دی جانے والی سہولتوں کو برقرار رکھے بلکہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کرے اور اسکے ساتھ ساتھ ضاف پانی کی فراہمی اور مختلف ویکسینیشن سمیت وہ تمام ضروری اقدامات کرے جو لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھیں اور صحت کے بجٹ اور ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں مدد دیں-

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top