آصف زرداری کے اثاثوں میں واقعی گھوڑے نکل آئے

asif zardari horses

آصف زرداری کے اثاثوں میں واقعی گھوڑے نکل آئے

سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیر مین آصف علی زرداری کے مکمل اثاثوں کی تفصیلات بھی کاغذات نامزدگی کے ساتھ حلف نامے میں ظاہر کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سندھ کے ضلع نوابشاہ کے حلقہ این اے 213 سے قومی اسمبلی کے انتخابات میں امیدوار ہیں۔ یہ بھی بتاتے چلیں کہ وہ پچیس سال بعد کسی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

سابق صدر کے کل اثاثے اور ملکیتیں

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ قواعد و ضوابط کی روشنی میں انتخابات میں حصہ لینے والے ہر امیدوار کو اپنے کل اثاثوں، اخراجات، ٹیکس گوشوارے، غیرملکی دورے اور کاروبار سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس سلسے میں آصف زرداری کی طرف سے کاغذات نامزدگی کے ہمراہ جو تفصیلات دی گئی ہیں ان کے مطابق وہ75 کروڑ 86 لاکھ 69 ہزار 73 روپے کے مالک ہیں۔ ان کی آمدنی کے ذرائع زمینداری اور کاروبار ظاہر کیے گئے ہیں۔ ظاہر کیے گئے اثاثوں کے مطابق سابق صدر کسی بھی سرکاری ادارے اور محکمے کے ڈیفالٹر نہیں ہیں۔دستاویزت کے مطابق آصف زرداری 349 ایکڑ زرعی زمین کے مالک ہیں اور انہوں نے 7399 ایکڑ زرعی زمین ٹھیکے پر لے رکھی ہے۔

آصف زرداری کے گذشتہ تین سال کا آمدن اور ٹیکس ریکارڈ

تصیلی اعداد وشمار کی روشنی میں دیکھیں تو آصف زرداری نے 2015 میں زمینداری سے 10 کروڑ 55 لاکھ 60 ہزار روپے اور کاروبار سے 76 لاکھ 66 ہزار روپے کمائے۔الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق آصف زرداری نے سال 2015 میں 19 لاکھ 5600 ٹیکس ادا کیا۔سال  2016 میں سابق صدر آصف زردراری نے  زراعت سے 11 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار روپے کی آمدن حاصل کی اور کاروبار سے 82 لاکھ 45 ہزار 900 روپے کمائے۔ جبکہ سال 2016 میں 21 لاکھ 5 ہزار 565 روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ سال 2017 کو دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ اس سال میں زراعت سےان کی آمدنی  13 کروڑ 40 لاکھ 16 ہزار 650 روپے رہی جبکہ کاروبار سے 97 لاکھ 51 ہزار 400 روپے کی آمدنی حاصل کی جبکہ اس سال ان کا جمع کرایا گیا ٹیکس26 لاکھ 32 ہزار 490 روپے رہا۔ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ حلف نامہ جمع کرانے کے حکم کے تحت زردراری نے جو حلف نامہ جمع کرایا ہے اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کے پاس کوئی غیر ملکی پاسپورٹ نہیں ہے۔

زرداری کے پاس موجود گاڑیوں، گھوڑوں اور اسلحے کی مالیت

سابق صدر آصف  زرداری کے پاس 3 لینڈ کروزر، 2 بی ایم ڈبلیو اور ایک لیکسز ہے، یہ  سب گاڑیاں بلٹ پروف ہیں۔ گھوڑوں اور مویشیوں کی مالیت 9کروڑ ہے جب کہ ایک کروڑ 29لاکھ روپے مالیت کا اسلحہ ہے۔ آصف زرداری نے لینڈ مارکس میں ایک کروڑ 29 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری بھی کی ہے جبکہ 8لاکھ 90ہزار روپے کی سرمایہ کاری اپارٹمنٹ میں ہے۔سابق صدر نے زرداری گروپ (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور پارک لین ای اسٹیٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں 10 لاکھ 7 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جبکہ زرداری گروپ کو 45لاکھ روپے ادھار بھی دیے ہیں۔ آصف زرداری کے پاس 20 کروڑ 90لاکھ روپے نقد موجود ہیں۔ اس کے علاوہ کلفٹن میں 2 پراپرٹیز ہیں جب کہ کراچی کے علاقہ ڈیفنس میں بنگلہ اور نواب شاہ میں ایک گھر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top