الیکشن 2018،  دوہری شہریت کے حامل بڑے سیاسی نام

الیکشن 2018،  دوہری شہریت کے حامل بڑے سیاسی نام

الکیشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد ضوابط کے مطابق کوئی بھی شخص جو دوہری شہریت کا حامل ہو، پاکستان میں انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا۔ اگر انہوں نے پاکستان میں انتخاب میں حصہ لینا ہوتو اس کے لیے انہیں دوسرے ملک کی شہریت کو چھوڑنا پڑے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایف آئی اے کو یہ ٹاسک دیا تھا کہ وہ الیکشن دو ہزار اٹھارہ میں حصہ لینے والے امیدواروں کی دوہری شہریت کے حوالے سےالیکشن کمیشن کو سہولیات اور تعاون فراہم کرے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ایف آئی اے کو 19880امیدواروں کا ریکارڈ مرحلہ وار بھجوایا تھا ،ایف آئی اے کے بیرون ممالک آمدورفت کے ریکارڈ انٹیگریٹڈ بارڈر منیجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) نے ڈیٹا کے بغور جائزے کے بعد رپورٹ بنا کر الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق122امیدواروں کی غیر ملکی سفری دستاویزات سے دوہری شہریت کا پتہ چلا ہے۔ امیدواروں کی فہرست کے مطابق 60 امیدوارایسے ہیں جو برطانوی شہریت کے حامل ہیں۔ 26 امیداوروں کے پاس امریکا جیسی سپر پاور کا پاسپورٹ ہے۔ پاکستانی انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش رکھنے والے 24 امیدوار ایسے ہیں جنہوں نے کنییڈین شہریت یا پاکستانی سیاست میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ 3 امیدواروں کے پاس آئرلینڈ کا باسی ہونے کا سکھ ہے تو 2 کے پاس بلجیئم کی شہریت ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوہری شہریت کے حامل امیدواروں میں قومی اسمبلی کے 49، پنجاب اسمبلی کے 53، سندھ اسمبلی کے 11، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 8 اور بلوچستان اسمبلی کا ایک امیدوار شامل ہے۔ ان امیدواروں کا تعلق پی پی پی ، تحریک انصاف ، پاک سرزمین پارٹی اور دیگر جماعتوں سے ہے۔ جن اہم سیاسی شخصیات کی دوہری شہریت کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو موصول ہوئی ہے ان میں فیصل واوڈا، فوزیہ قصوری،نادر لغاری وہ سیاست دان ہیں جو امریکی شہری نکلے ہیں  جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کینیڈا کا پاسپورٹ رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بعض امیدواروں کے پاس سنگاپور، آسٹریلیا، جرمنی،اٹلی، جنوبی افریقہ ، اسپین اور ازبکستان کی شہریت بھی ہے۔

فہرست کے مطابق حلقہ این اے 204 سے امیدوار نادر لغاری امریکی شہری ہیں جبکہ این اے 247 کراچی سے امیدوار فوزیہ قصوری امریکی شہری ہیں۔ اس کے علاوہ آریش کمار کینیڈا، ملیکہ بخاری برطانیہ، مراد علی شاہ کینیڈین شہریت رکھتے ہیں۔این اے 249 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فیصل واوڈا امریکی شہری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top