متحدہ عرب امارات کتنا طاقتور ہے؟

متحدہ عرب امارات کتنا طاقتور ہے؟

یہ انیس سو سترکا یو اے ای یعنی متحدہ عرب امارات ہے۔ چاروں طرف پھیلا ایک لق و دق صحرا۔۔۔ اور یہ ہے آج کا عرب امارات جہاں ہر طرف عمارتیں ہیں اور شان و شوکت کا ایک بازار سجا ہوا ہے۔ یہ سب کمال صرف تیل کی دولت کا ہے۔ یہ تیل کی دولت اور اس کا بہتر استعمال ہی ہے کہ یواے ای فی کس آمدنی کے اعتبار سے قطر کے بعد عرب دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت ہے۔ یو اے ای کے پاس دنیا میں ساتویں نمبر پر سب سے زیادہ ثابت شدہ تیل کے ذخائر موجود ہیں۔

جغرافیائی لخاظ سے متحدہ عرب امارات ایک چھوٹا ملک ہے۔ اس ملک کا کل رقبہ تقریبا تراسی ہزار مربع کلومیٹر ہے جو پاکستان کے علاقے گلگت بلتستان سے کچھ ہی زیادہ ہے۔ متحدہ عرب امارات کی کل آبادی تقریبا نوے لاکھ  ستر ہزار ہے اور اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں اسی فیصد سے زیادہ لوگ غیر ُملکی ہیں۔ جو پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت سے نوکریوں کی تلاش میں یہاں آتے ہیں۔

یو اے ای تجارت کے ساتھ سیاحت کیلئے بھی بہت اہمیت رکھتا ہے خاص طور پر دبئی کے خوبصورت مصنوعی جزیرے دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں سیاحت کے حوالے سے دبئی کا پہلا نمبر ہے۔ سیاحت یو اے ای کی کتنی بڑی صنعت ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ صرف ایک سال میں تقریباً ایک کروڑ پچاس لاکھ لوگ امارات کا وزٹ کرتے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یو اے ای اس سیاحت سے ساڑھے سات ارب ڈالر سے زیادہ ریونیو کماتا ہے۔

یواے ای کو تجارت کے حوالے سے بھی ایک خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ یہاں چالیس سے زیادہ فری ٹریڈ زونز ہیں۔ یعنی ایسے تجارتی علاقے جہاں کاروبار کرنے والے پر کوئی ٹیکس لاگو نہیں ہوتا اور نہ اس سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ کہاں سے پیسے لا کر کاروبار کر رہا ہے اور نہ اس کی شناخت کو دنیا کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی تمام ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مرکزی دفاتر دبئی میں موجود ہیں۔

دفاع کے حوالے سے دیکھیں تو متحدہ عرب امارات بظاہر ایک محفوظ ملک ہے کہ اس کے اپنے کسی ہمسائے یا عالمی طاقت سے خراب تعلقات نہیں ہیں۔ لیکن عرب سپرنگ کے بعد یو اے ای کو کسی ممکنہ انقلاب سے بچانے کیلئے حکومت نے کئی اہم دفاعی اقدامات کیے ہیں۔ آپ حیران ہوں گے کہ متحدہ عرب امارات جس کی سرحدوں پر کوئی دشمن ملک بھی نہیں لیکن اس کا دفاعی بجٹ پاکستان کے دفاعی بجٹ سے تین گنا زیادہ ہے۔ پاکستان کا دفاعی بجٹ سات ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات کا بجٹ بائیس ارب ڈالر ہے۔ آج متحدہ عرب امارات کے پاس پینسٹھ ہزار کی فوج ہے جو جدید ٹکنالوجی سے لیس ایک ماڈرن فوج ہے۔ یو اے ای فضائیہ کے پاس فورتھ جنریشن کے بہترین طیارے میراج ٹوتھاؤزنڈ انچاس 49 کی تعداد میں اور دنیا کے مانے ہوئے فائٹر جیٹ ایف سکسٹین پچپن کی تعداد میں موجود ہیں۔ یعنی متحدہ عرب امارات کی فضائیہ اپنے خطے کی ایک طاقتور فضائیہ ہے ۔ یو اے ای امریکہ کا قریبی اتحادی ہے جس کی وجہ سے دنیا سے ہتھیار خریدنا اور اپ گریڈ کرنا بھی امارت کیلئے کوئی مسئلہ نہیں۔ پچھلے بیس سال کے دوران متحدہ عرب امارات نے امریکہ کے ساتھ مل کر عرب ملکوں میں سب سے زیادہ جنگوں میں حصہ لیا ہے۔ ان جنگوں میں افغانستان کی جنگ، انیس سو نوے کی خلیجی جنگ، اور داعش کے خلاف جنگ شامل ہیں۔

متحدہ عرب امارات اپنے خطے کی معاشی طاقت تو ہے لیکن دفاعی اور سیاسی اعتبار سے بڑی طاقت نہیں ہے۔ یو اے ای مزید طاقت اور ترقی کی طرف گامزن تو ہے لیکن معیشت کا چالیس فیصد سے زیادہ دارومدار تیل پر ہونا اس کی بڑی کمزوری ہے۔ اور وہ بھی ایسے حالات میں جبکہ کہ دنیا تیزی سے تیل کے متبادل ذرائع پر منتقل ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ امارات میں اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کی صورتحال اچھی نہیں۔ میڈیا پر حکومت کا سو فیصد کنٹرول اور غیر ملکی مزدوروں کے انسانی حقوق کا خیال نہ رکھنا ایسی باتیں ہیں جن کی وجہ سے یو اے کی عالمی ساکھ اچھی نہیں ہے۔ اگرچہ انسانی حقوق اور ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کسی بھی عرب ملک کی ساکھ اچھی نہیں لیکن یو اے ای پرامن ماحول، معیشت اور سیاحت کے حوالے سے عرب دنیا میں سب سے اہم مقام رکھتا ہے۔

کون کتنا طاقتور ہے؟ تمام ویڈیوز دیکھیں

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top