نگران وزیراعلیٰ پنجاب: سادگی اور درویشی کا دوسرا نام
تحریر: حسن نقوی
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سادگی، قناعت اور درویشی کا دوسرا نام ہیں، اپنے انہی اطوار اور خصائل سے وہ بہت جلد دوسروں کو اپنا گرویدہ بنا لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے ہم عصروں میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔محسن نقوی نے اپنے دور اقتدار کے پہلے دن سے آج تک جہاں شبانہ روز محنت سے اپنا لوہا منوایا ہے وہیں اپنی سادگی سے لوگوں کے دلوں کو بھی مسخر کیا ہے، محسن نقوی ہمیشہ سے ہی سادہ لباس میں نظر آئے ہیں! اور تو اور اکثر ان کا ایک ہی لباس کئی بار دیکھا گيا ہے! اگر وہ کہیں عام شلوار قمیض سے ہٹ کر بھی دکھائی دیے تو ایک ہی جیسی جینز اور شرٹ کو مختلف مواقع پر پہنے دکھائی دیئے! شلوار قمیض میں سفید یا گہرا نیلا رنگ محسن نقوی کا معمول رہا ہے!باوقار اور جاذب نظر شخصیت کا مالک نئے دور کا نیا وزیر اعلیٰ روشن آنکھوں میں روشن پاکستان کا خواب سجائے ملکی ترقی کے ٹریک پر رواں دواں ہے، یہی نہیں محسن نقوی کا طرز تکلم اور اسلوب بھی انتہائی سادہ ہے۔ شہریوں سے شفقت سے پیش آنے والے محسن نقوی اپنے ماتحت افسران کے درمیان موجود ہوں یا صحافت کے جھرمٹ میں، کہیں بھی کبھی بھی وہ شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ حتی کہ پے درپے سوالات کے جواب بھی انتہائی تحمل مزاجی اور بردباری سے دیتے ہیں۔ محسن نقوی اپنی علمی و ادبی شخصیت کی وجہ سے بھی بہت پسند کئے جاتے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ محنت، دیانتداری اور انکساری کی وجہ سے وہ پنجاب کے نمایاں حکمرانوں کی صف میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں تو غلط نہیں ہو گا!
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سےوابستہ رہے ہیں، سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں، آج کل دی سکوپ ود حسن نقوی کے نام سے اپنا وی لوگ کرتے ہیں۔