اثاثے ظاہر کرنے کا خوف، کئی امیدوار بھاگ گئے

Fear of showing assets

اثاثے ظاہر کرنے کا خوف، کئی امیدوار بھاگ گئے

25جولائی 2018کے عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کی تمام معلومات انٹرنیٹ پر ووٹرز کو دستیاب ہوں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات اور دیگر معلومات بھی ویب سائٹ پر لوگوں کے لیے عام دستیاب ہوں گی۔ اور جس بھی امیدوار یا قومی سیاست دان کے اثاثوں کے بارے میں کوئی جاننا چاہے وہ الیکشن کمیشن کی سائیٹ کو وزٹ کر سکتا ہے۔

 

 

 

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بتایا ہے کہ امیدواروں کے حلف ناموں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی ۔ اس سلسلے میں ریٹرننگ افسران کو حکم دے دیا گیا ہے جنہوں نے امیدواروں کا ڈیٹا اسکین کر کے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ بھجوانا شروع کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو حلف نامہ جمع کرانا لازمی قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے اس حکم کے بعد کئی امیدواروں نے انتخابات میں سرے سے ہی حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں خاص طور پر سیف اللہ فیملی کا نام سامنے آیا ہے، جنہوں نے اس شرط کے پیش نظر الیکشن میں حصہ نہیں لیا ہے۔ شاید اسی شرط کی وجہ سے ہی اس بار الیکشن میں حصہ لینے والے کل امیدواروں کی تعداد بھی کم ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کا بھی کہنا ہے کہ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں الیکشن 2018 میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تعداد کم ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 2013 میں 28 ہزار 302 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جب کہ انتخابات 2018 کے لیے 21 ہزار 482 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top