عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے

عمران خان کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد ضوابط کی روشنی میں الیکشن میں حصہ لینے والےتمام امیدواروں کے لیے لازم ہے کہ وہ ایک بیان حلفی بھی جمع کرائیں جن میں ان کے تمام اثاثوں کی تفاصیل موجود ہوں۔ اس سلسے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی عام انتخابات سے قبل اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس جمع کرائی ہیں۔
عمران خان 168 ایکڑزرعی زمین کے مالک
تفصیلات کے مطابق کاغذات نامزدگی کے ہمراہ ظاہر کیے گئے اثاثوں کے گوشوارے میں عمران خان کی گذشتہ سال کی آمدنی 47لاکھ 76ہزار611روپے ہے ۔ الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان 168 ایکڑزرعی زمین کے بھی مالک ہیں ۔ ان کی لاہور اور اسلام آباد سمیت پاکستان میں 14 جائیدادیں ہیں جو انہیں ورثے میں ملی ہیں۔ ان اثاثوں اور آمدنی کا ذریعہ بتاتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ ان کے ذرائع آمدن زراعت،تنخواہ ، پنشن اوربینک سے حاصل ہونے والا منافع ہے۔عمران خان نے اپنی تنخواہ 18 لاکھ 991 روپے اور زرعی آمدن 23 لاکھ 60 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔
غیر ملکی دورے، فارن کرنسی اکائونٹ، فرنیچر
دستاویز کے مطابق عمران خان نے گزشتہ سال اپنی کل آمد ن47لاکھ 76ہزار611روپے پر ایک لاکھ3ہزار763روپے ٹیکس بھی ادا کیا۔ اخراجات، تحائف کی مد میں اسی دستاویز میں عمران خان نے غیرملکی دورے بھی ظاہر کئے ہیں،چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق انہوں نے 2015 سے لے کر 2018 تک 28 غیر ملکی دورے کیے ہیں جن میں سے زیادہ تر دورے اسپانسرڈ تھے۔ جبکہ ان کے دو فارن کرنسی بینک اکاؤنٹس بھی ہیں ۔الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان نے اسلام آباد میں اپنے دو غیر ملکی اکاؤنٹس بھی ظاہر کیے ہیں۔عمران خان نے اپنے ایک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 70 ہزار 760 ڈالر اور دوسرے اکاؤنٹ میں 1470 ڈالر ظاہر کیے ہیں۔دستاویزات کے مطابق عمران خان کے زیر استعمال فرنیچر اور دیگر سامان کی مالیت 5 لاکھ اور ان کے پاس موجود جانوروں کی مالیت 2 لاکھ روپے ہے۔
عمران کے پاس ذاتی گاڑی نہیں ہے
کاغذات نامزدگی کے ساتھ موجود حلف نامے میں اپنے زیر کفالت افراد کی فہرست میں انہوں نےاپنی بیوی بشری مانیکا اوردو بچوں کو زیر کفالت ظا ہر کیا گیا ہے اور ان کی اہلیہ اور بچوں کے کوئی اثاثے نہیں ہیں۔دستاویز کے مطابق عمران خان کسی ذاتی گاڑی کے مالک بھی نہیں ہیں۔دستاویزات کے مطابق عمران خان کا پاکستان اور بیرون ملک کوئی کاروبارنہیں اوربیرون ملک کوئی جائیداد بھی نہیں ہے۔