شہباز شریف کی بیوی ان سے زیادہ امیر

Shehbaz Sharif Wife

شہباز شریف کی بیوی ان سے زیادہ امیر

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد ضوابط کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے میں حصہ لینے کے ہر خواہش مند امیدوار کو کاغذات نامزدگی کے ہمراہ اثاثوں کی تفصیل بھی جمع کرانا پڑے گی۔

شہبازشریف کے کل اثاثے

الیکشن کمیشن کے انہی قواعد کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کے صدر اور پنجاب کے سابق وزیر اعلی  شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی کے ہمراہ اپنے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی ہیں۔ ان دستاویزات کے مطابق  سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف 15 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کے بنک اکائونٹس مٰں مجموعی طور پر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے ظاہر کیے گئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے مری ہال روڈ پر اپنا ایک گھرظاہر کیا ہے جو ایک کنال 9 مرلے کا ہے مگر جس کی قیمت صرف 34 ہزار روپے ہے۔ اسی مقام پر ایک اور بنگلہ ، بنگلہ نمبر 54 سی کی قیمت 27 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔

سابق وزیراعلی کو تحفے میں ملی جائیدادیں

شیخوپورہ میں شہباز شریف کی  88 کنال زمین ہے جو انہوں نے والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی ہے جبکہ لاہور میں بھی  568 کنال پر مشتمل مختلف جائیدادوں کے بارے میں ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ والدہ کی طرف سے تحفے میں ملی ہیں۔ اسی دستاویز کے مطابق شہباز شریف کی لندن میں تین الگ الگ جائیدادیں ہیں جن کی کل قیمت 12 کروڑ 61 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ حدیبیہ انجنئیرنگ ملز، حمزہ اسپننگ ملز اور حدیبیہ پیپر ملز میں سابق وزیر اعلی کے شئیرز بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔

شہباز شریف کی بیوی ان سے زیادہ امیر

کاغذات نامزدگی کے ساتھ نتھی کیے گئے حلف نامے کے مطابق شہباز شریف کی دو بیویاں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دستاویزات کے روشنی میں دیکھا جائے تو شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہبازاپنے شوہرسے زیادہ امیر ہیں جن کے مجموعی طور پر 22 کروڑ 56 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔ نصرت شہباز کے ماڈل ٹاؤن میں 10 کنال کے گھر کی مالیت 12 کروڑ 87 لاکھ  روپے ہے جب کہ ان کے مری ڈونگا گلی میں سوا 9 کنال کے نشاط لاج کی مالیت 5 کروڑ 78 لاکھ روپے ہے۔ نصرت شہباز قصور میں 809 کنال اراضی پر مشتمل 9 جائیدادوں کے شئیرز کی مالک ہونے کے ساتھ قصور میں ان کی جائیدادوں کی مجموعی مالیت 26 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے نصرت شہباز کے مختلف کمپنیوں میں 87 لاکھ روپے مالیت کے شیئرز، 17 لاکھ روپے کی جیولری اور 5 مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس میں ایک کروڑ 89 لاکھ روپے کا بیلنس ظاہر کیا۔

شہبازشریف کی دوسری بیگم کے اثاثے

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کاغذات نامزدگی میں ان کی دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کی پہلی بیوی کے مقابلے میں کم اثاثے ہیں اور ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 57 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔دستاویزات کے مطابق تہمینہ درانی کے نام ڈی ایچ اے لاہور میں 10 مرلے کا گھر ہے اور ہری پور میں ان کے نام 4 جائیدادیں گفٹ ظاہر کی گئی ہیں۔ تہمینہ درانی کے گوادر میں 4 کنال کے پلاٹ میں شیئرز اور ان کا 5 بینکوں میں 5 لاکھ روپے کا مجموعی بیلنس ہے اور وہ 5 لاکھ روپے کی گاڑی کی مالک بھی ہیں۔دستاویزات کے مطابق تہمینہ درانی کے پاس 15 لاکھ روپے کے زیورات بھی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to top