گندم کی ترسیل پر غیر آئینی پابندیاں، گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کردی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)صوبہ خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے لیے گندم کی ترسیل پر غیر آئینی پابندیاں ختم کرانے کے لیے فوری طور پر مداخلت کریں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے لیے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندیوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
گورنر کنڈی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر ان سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے تاکہ ان غیر آئینی پابندیوں کو ہٹایا جا سکے جو صوبے کی فوڈ سیکیورٹی کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم کی نقل و حرکت پر ایسی رکاوٹیں نہ صرف صوبے کے عوام کو مشکلات میں مبتلا کر رہی ہیں بلکہ یہ آئین میں درج کواپریٹو فیڈرل ازم کی روح کے بھی منافی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے بیان میں مزید کہا ’مجھے یقین ہے کہ وزیراعظم اپنی قیادت میں اس مسئلے کو جلد حل کریں گے تاکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ان کے حقوق و فلاح کا تحفظ کیا جا سکے۔‘
انہوں نے زور دیا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور تعاون کے بغیر ملک میں خوراک کی منصفانہ تقسیم ممکن نہیں، لہٰذا وفاقی حکومت کو اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ ہفتوں کے دوران گندم کی قلت کے خدشات کے باعث صوبائی حکومت اور گورنر ہاؤس نے وفاقی اداروں سے متعدد بار رابطہ کیا ہے۔ بعض صوبوں کی جانب سے گندم کی نقل و حرکت پر پابندیوں کے باعث بحران کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے، جس پر گورنر نے براہِ راست وزیراعظم کو مداخلت کی درخواست کی ہے۔



