اداکارہ افشاں قریشی نے اپنی زندگی کے اہم رازوں سے پردہ اٹھادیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ افشاں قریشی نے بیٹے فیصل قریشی کے سٹاربننے کو زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دے دیا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اپنی زندگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے افشاں قریشی نے کہا کہ اگرچہ انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیش کش پہلے ہوئی تھی لیکن انہوں نے ٹیلی وژن سے کیریئر کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ فلم کرنے کے لیے کراچی سے لاہور بھی چلی گئی تھیں لیکن وہاں سے ان کے ہونے والے شوہر عابد قریشی اچانک کراچی چلے آئے، جس وجہ سے ان کا دل بھی وہاں نہ لگا اور وہ فلم کی شوٹنگ سے قبل ہی واپس آگئیں اور کئی ماہ تک فلم ساز انہیں تلاش کرتا رہا لیکن وہ نہ گئیں۔انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا اور مرحوم عبدالکریم بلوچ نے انہیں پہلا موقع دیا جو انہیں شمیم آرا کا ہم شکل قرار دیتے تھے۔افشاں قریشی کے مطابق پی ٹی وی پر کام کرنے کے بعد ہی وہ فلمی ہیروئن بنیں اور ایک فلم کے دوران ہی انہیں عابد قریشی سے محبت ہوئی، جس کے بعد دونوں نے شادی کرلی۔



