بدین:عدالت نے5منشیات فروشوں کو سزائیں سنادیں

بدین (رپورٹ :مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)منشیات فروشی اور کچی شراب بنانے اور فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے سول جج گولاڑچی کی عدالت نے ملزموں کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنا دیں۔تفصیلات کے مطابق سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ گولاڑچی عرفان علی خواجہ کی عدالت نے مختلف مقدمات میں پانچ ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنائیں ہیں جن میں ملزم محمد ابراہیم عرف دودو جتوئی کو شہید فاضل راہو تھانے کی حدود میں سفینہ فروخت کرنے کے دو مقدمات ثابت ہونے پر دو، دو سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزم سکندر پنہور کو کڑیو گھنور تھانے کی حدود میں کچی شراب فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ڈھائی سال قید اور50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزم احمد جت کو شہید فاضل راہو تھانے کی حدود میں کچی شراب فروخت کرنے پر ڈھائی سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزم حفیظ اللہ جت کو اسی تھانے کی حدود میں کچی شراب فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 25 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ملزم امیر بخش خاصخیلی کو بھی شہید فاضل راہو تھانے کی حدود میں کچی شراب فروخت کرنے کا جرم ثابت ہونے پر ڈھائی سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔



