پنجاب پولیس کے ایک اور سب انسپکٹر کی سی ایس ایس امتحان میں کامیابی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب پولیس کے ایک اور سب انسپکٹر نے سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی ایس ایس کوالیفائی کرنے والے سب انسپکٹر بلال شاہد سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی اور اہلخانہ کو بھی مبارک باد دی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق بلال شاہد کا انتخاب ان لینڈ سروسز گروپ میں ہوا۔ بلال شاہد سی ٹی ڈی پنجاب میں خدمات انجام دے رہے ہیں، بلال شاہد نے 2018 میں بطور سب انسپکٹر محکمہ پولیس میں شمولیت اختیار کی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سب انسپکٹر نے سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کر کے محکمہ پولیس کا نام روشن کیا۔ انہوں نے بلال شاہد کو ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پیشہ ورانہ ورکنگ کو سمجھ کر نئے آئیڈیاز کے تحت شہریوں کی بھرپور خدمت کریں، پولیسنگ کے تجربات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اختیارات، صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کریں۔ محکمہ پولیس کے ساتھ آپ کا تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا۔



