صبح اٹھنے کے بعد کی وہ 5 عادات جو گردوں کے امراض کا خطرہ بڑھاتی ہیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)صبح اتھنے کے بعد ہم جو کام کرتے ہیں وہ درحقیقت ہماری مستقل عادات ہوتی ہیں اور ان سے دن کے باقی حصے کا تعین ہوتا ہے۔
یہ محض ناشتہ کرنے تک محدود نہیں بلکہ بیدار ہونے کے بعد جو کچھ آپ کرتے ہیں، اس کے اثرات گردوں پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔
ہمارے گردے رات بھر کام کرتے ہیں تاکہ ہمیں صحت مند رکھ سکیں۔
مگر جب صبح ہم ایسی عادات کو اپناتے ہیں جو گردوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں، تو ان کے افعال پر وقت گزرنے کے ساتھ منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
گردے ہمارے جسم میں کسی واٹر فلٹر کی طرح کام کرتے ہیں۔
واٹر فلٹر ان چیزوں کو پانی سے خارج کرتا ہے جو ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں اور ہمارے گردے بھی یہی کام کرتے ہیں۔
گردے خون کو فلٹر کرتے ہیں جس کے دوران زہریلے مواد اور اضافی سیال کو جسم سے خارج کرتے ہیں جبکہ پوٹاشیم، سوڈیم اور دیگر اجزا کی سطح کو متوازن رکھتے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ گردے ایسے ہارمونز بھی بناتے ہیں جو بلڈ پریشر سے لے کر ہڈیوں کی مضبوطی کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتے ہیں، آسان الفاظ میں گردے بہت اہم ہوتے ہیں۔
تو صبح کے وقت کی ان عادات کے بارے میں جانیں جو گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
پانی نہ پینا
ماہرین کے مطابق رات بھر سونے کے دوران ہمارا جسم پانی سے محروم ہوتا ہے اور معمولی ڈی ہائیڈریشن محسوس کرتا ہے۔
بیدار ہونے کے بعد گردے اور جسم دونوں پانی کی طلب کرتے ہیں اور اس موقع پر پانی کی بجائے چائے یا کافی کا استعمال کرنے سے گردوں کے افعال متاثر ہوتے ہیں۔
پیشاب روکنا
ماہرین نے بتایا کہ بیدار ہونے کے بعد پیشاب روکنے کی عادت مختصر اور طویل المعیاد بنیادوں پر مثانے کو نقصان پہنچاتی ہے۔
رات بھر سونے کے بعد بیدار ہونے پر مثانے پھیل جاتے ہیں اور پیشاب کا اخراج چاہتے ہیں، اس وقت ایسا نہ کرنا وقت کے ساتھ گردوں کے افعال کو متاثر کرتا ہے۔
خالی پیٹ درد کش ادویات کا استعمال
طبی ماہرین نے بتایا کہ خالی پیٹ درد کش ادویات کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکثر درد کش ادویات کھانے سے گردوں کو نقصان پہنچتا ہے اور اگر صبح خالی پیٹ ان ادویات کا استعمال کیا جائے تو گردوں کو نقصان پہنچنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔
ورزش کے بعد پانی نہ پینا
اگر صبح ورزش کرنے کے عادی ہیں اور اس کے بعد پانی نہیں پیتے، تو یہ عادت بھی گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
صبح کے وقت ورزش کرنے سے جسمانی توانائی دن بھر برقرار رہتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ جسمانی سرگرمیوں کے بعد پانی کا استعمال کیا جائے۔
ناشتے سے گریز کرنا
صبح اٹھنے کے بعد کچھ افراد روزمرہ کی مصروفیات کے باعث ناشتہ کرنے سے گریز کرتے ہیں، یہ عادت بھی گردوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
ناشتہ نہ کرنے والے افراد اکثر بعد میں زیادہ نمکین اشیا کھانا پسند کرتے ہیں اور زیادہ نمک کا استعمال گردوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔
دن کا آغاز پروٹین سے بھرپور ناشتے سے کرنے سے گردوں سمیت جسمانی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔



