وہ شخص جو 60 سال غربت میں گزارنے کے بعد ایک امیر گھرانے کا وارث ثابت ہوا

ٹوکیو(جانو ڈاٹ پی کے)ویسے تو اکثر ایسا فلموں میں دیکھنے میں آتا ہے کہ ایک غریب فرد کو اچانک علم ہوتا ہے کہ وہ تو درحقیقت ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اور بچپن میں اسے تبدیل کر دیا گیا تھا۔
مگر جاپان میں ایسا ہی حیرت انگیز واقعہ حقیقت میں سامنے آیا، جہاں ایک غریب ٹرک ڈرائیور کو دہائیوں بعد علم ہوا وہ ایک امیر گھرانے کا چشم و چراغ تھا، جسے پیدائش کے بعد اسپتال میں بدل دیا گیا تھا۔
اس انکشاف کے بعد ڈرائیور نے اسپتال پر ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا اور عدالت نے اسے ڈھائی لاکھ ڈالرز زرتلافی کے طور پر دینے کا حکم دیا۔
یہ مقدمہ 2013 کا ہے مگر یہ حالیہ دنوں میں پھر وائرل ہوا ہے۔
نومبر 2013 میں ایک عدالت نے ٹوکیو کے San-ikukai اسپتال کو 60 سالہ ڈرائیور کو 3 کروڑ 80 لاکھ جاپانی ین ادا کرنے کا حکم دیا تھا کیونکہ اسے 1953 میں پیدائش کے بعد ایک اور بچے سے بدل دیا گیا تھا۔
یہ حقیقت 6 دہائیوں تک چھپی رہی اور اس وقت سامنے آئی جب اس امیر گھرانے کے چھوٹے بیٹوں نے بڑے بھائی کی جانب سے والد کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
ان کی ماں کے انتقال کے بعد بڑے بھائی نے ماں کے ترکے میں والد کے حصے پر قبضہ کرکے انہیں نرسنگ ہوم بھیج دیا تھا۔
اس وقت چھوٹے بھائیوں کو احساس ہوا کہ ان کا بڑا بھائی دیکھنے میں ان جیسا نہیں اور انہیں یاد آیا کہ ماں نے انتقال سے قبل انہیں بتایا تھا کہ پیدائش کے بعد اسے ایک نرس نہلانے کے لیے لے گئی تھی۔
چھوٹے بھائیوں نے بڑے بھائی کے سگریٹ کے ٹکڑے جمع کیے اور 2009 میں ڈی این اے ٹیسٹنگ کے لیے بھیج دیے اور نتائج سے ثابت ہوا کہ وہ ان کے خاندان سے تعلق نہیں رکھتا۔
اس کے بعد اسپتال کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے یہ خاندان اس ٹرک ڈرائیور کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوا۔
اس ڈرائیور کی پیدائش اس بچے سے 13 منٹ قبل ہوئی تھی جس سے وہ بدل گیا تھا۔
وہ ایک ایسے خاندان میں چلا گیا جہاں اس کے والد کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ محض 2 سال کا تھا۔
اس ڈرائیور نے غریب خاندان میں زندگی گزاری جہاں کوئی برقی مصنوعات موجود نہیں تھی جبکہ تعلیم کے دوران کام بھی کرتا رہا۔
اسے مسلسل ماں اور پڑوسیوں کی جانب سے بتایا جاتا تھا کہ وہ اپنے والدین جیسا نظر نہیں آتا۔
دوسری جانب امیر گھرانے میں جانے والے بچے نے اچھی تعلیم حاصل کی اور کمپنی کا سربراہ بن گیا، اس کے 3 چھوٹے بھائی بھی کمپنی کے اعلیٰ عہدیدار تھے۔
مگر جب ڈرائیور کو اپنے اصل والدین کا علم ہوا، وہ دونوں انتقال کرچکے تھے۔
عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عدالت ڈرائیور کے دعویٰ کو تسلیم کرتی ہے کیونکہ اسے پیدائش کے فوری بعد اصل والدین سے الگ کر دیا گیا اور وہ ان سے کبھی نہیں مل سکا۔
 
				


