پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات بڑھانے کے خواہشمند ہیں، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ کے نئے مواقع دیکھ رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا بھارت کے ساتھ امریکی تعلقات سے کوئی تعلق نہیں۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران مارکو روبیو سے سوال کیا گیا کہ کیا بھارت نے پاکستان اور امریکا کے بڑھتے تعلقات پر تشویش ظاہر کی ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ “نہیں، ایسا نہیں ہے، البتہ بھارت فطری طور پر فکرمند ہو سکتا ہے کیونکہ تاریخی طور پر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ رہے ہیں، مگر ہمیں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلقات رکھنے ہوتے ہیں۔”
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ واشنگٹن پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کا خواہاں ہے، خصوصاً انسداد دہشت گردی، اقتصادی تعاون، اور علاقائی استحکام کے حوالے سے۔
انہوں نے واضح کیا کہ “ہم پاکستان کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں وہ بھارت سے تعلقات کے نقصان پر نہیں، بلکہ دونوں ملکوں کے ساتھ متوازن شراکت داری ہماری خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔”
مارکو روبیو نے بتایا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان طویل عرصے سے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون رہا ہے اور ہم اسے مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہمیں معلوم ہے کہ کچھ مشکلات ضرور ہیں، لیکن تعلقات میں جو حالیہ بہتری آئی ہے وہ حوصلہ افزا ہے۔”
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی رپورٹوں کے مطابق، پاکستان اور امریکا کے درمیان نایاب معدنیات کی برآمد کے معاہدے پر پیش رفت جاری ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کا نیا باب ثابت ہو سکتا ہے۔



