جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کو 78 برس مکمل، دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منایا جارہاہے

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) 27 اکتوبر 1947 ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن، مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کو 78 برس بیت گئے۔
لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم سیاہ تجدید عہد کے ساتھ منا رہے ہیں۔
27 اکتوبر 1947 ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے جبری طور پر کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کیا تھا، بھارت کے اس جابرانہ اقدام کے خلاف کشمیری آج بھی آزادی کیلئے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں، بھارت نے گزشتہ 34 برسوں کے دوران 1 لاکھ کے قریب کشمیری بے دردی سے شہید کئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت نہیں دیا گیا، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوانے کیلئے ٹھوس کردار ادا کرے۔
ہر سال دنیا بھر میں کشمیری 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، ان دن کو منانے کا مقصد دنیا کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کرنا ہے، پوری دنیا میں کشمیری احتجاج، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کرتے ہیں، بھارتی قبضے اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت کی جاتی ہے۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کر دی گئی ہے، کشمیری آج کے دن 1947 سے لے کر 05 اگست 2019 تک بھارت کی جانب سے اٹھائے گے تمام غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاج کے ساتھ انہیں مسترد بھی کرتے ہیں۔


