آسٹریلوی ویمن کرکٹرز کیساتھ نازیبا حرکت، بھارتی وزیر نےکھلاڑیوں کو ہی ذمہ دار ٹھہرا دیا

مدھیہ پردیش(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر  برائے پالیمانی امور کیلاش  وجے ورگیا نے آسٹریلوی ویمن کرکٹرز  کے ساتھ نازیبا حرکت کا ذمہ دار  ان ہی کھلاڑیوں کو قرار  دے دیا۔

2  روز قبل بھارتی شہر اندور میں آسٹریلیا کی 2 ویمن کرکٹرز  کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا ۔

موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص نے ہوٹل سے کیفے ٹیریا جاتے وقت آسٹریلیا کی 2 ویمن  کرکٹرز میں سے  ایک  کو انتہائی نازیبا طریقے سے چھو کر فرار ہو گیا تھا تاہم بعد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا تھا۔

 جس کے بعد اب مدھیہ پردیش کے وزیر برائے پارلیمانی امور کیلاش وجے ورگیا نے اندور میں پیش آئے واقعے پر  الٹا ان ہی کھلاڑیوں کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔

بی جے پی سے تعلق رکھنے والے ریاستی وزیر کا کہنا ہے کہ  آسٹریلوی ویمن کھلاڑیوں کا بغیر اطلاع  باہر جانا ان کی غلطی تھی، اس واقعے سے وہ سبق حاصل کریں گی اور مستقبل میں احتیاط کریں گی۔

 بھارتی وزیر  نے مزید کہا کہ آسٹریلوی ویمن کھلاڑیوں سے بدتمیزی کا واقعہ سکیورٹی کی ناکامی بھی ہے۔

دوسری جانب کانگریس نے ریاستی وزیر کے بیان کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سوچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ  وزیرکیلاش وجےورگیا کا بیان ان کی سوچ کاعکاس ہے جو بتانے میں بھی گھناؤنا اور گھٹیا ہے۔

کانگریس رہنما ارون یادیو  نے مزید کہا کہ پورا ملک اس ہونے والے واقعے پر سرمشار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button