پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت شراکت مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت شراکت مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا۔
یورپی پارلیمنٹ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے وزارت تجارت کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان سے یورپی وفد کی تفصیلی ملاقات کی ملاقات میں تجارت،سرمایہ کاری اورانسانی حقوق کےفروغ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت شراکت مضبوط بنانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان پائیدار ترقی اور شفاف تعلقات پر زور دیا گیا۔ وزیرتجارت نے وفد کو انسانی حقوق، محنت کش اصلاحات اور موسمیاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کو اے اسٹیٹس اکریڈیشن حاصل ہونا پاکستان کی پیش رفت کا اعتراف ہے۔
جام کمال نے کہا کہ حکومت نے کم عمری کی شادی کے خلاف اسلام آباد چائلڈ میرج ری اسٹرینٹ ایکٹ منظور کیا، صحافیوں کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم قوانین متعارف کرائے گئے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد کر دی گئی، پاکستان کی معیشت کا مستقبل صنعتی توسیع اور ہنرمند افرادی قوت سے جڑا ہے۔ 60 فیصد پاکستانی آبادی 30 سال سے کم عمر، پیشہ ورانہ تربیت حکومت کی ترجیح ہے۔
یورپی وفد نے پاکستانی مہمان نوازی اور مثبت شراکت داری کی تعریف کی، دونوں فریقوں کا باہمی تجارت اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر یورپی سرمایہ کاروں کو زراعت، خوراک، صنعت، اور ای کامرس میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی گئی۔



