پی ٹی آئی کی یو ٹرن پالیسی! عمر ایوب کی نااہلی تسلیم ،اہلیہ کو ضمنی الیکشن کا ٹکٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق رکنِ قومی اسمبلی عمر ایوب نے بالآخر اپنی پانچ سالہ نااہلی کو قبول کرلیا ہے اور پی ٹی آئی نے ایک بار پھر یرٹرن لیتے ہوئے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کردیاہے۔ عمر ایوب کی نااہلی سے خالی ہونے والے حلقے سے عمر ایوب کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اور پارٹی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کہتےہیں ہیں کہ عمر ایوب کی اہلیہ سیاسی کارکن کی اہلیت پر پورا اترتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے اپنی نااہلی کے خلاف دائر اپیل واپس لے لی جس کے بعد وہ اب اس فیصلے کو مزید چیلنج نہیں کریں گے۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی نااہلی کے فیصلے کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ جب تک تمام فورمز سے سزا برقرار نہ رہے انہیں نااہل نہیں کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے 5 اگست کو عمر ایوب کو نااہل قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست سے ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔انہیں 9 مئی کے مقدمات میں سزا کے بعد نااہل قرار دیا گیا تھا۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کی جانب سے اپیل واپس لینے کے بعد اب ان کی نااہلی کا فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 میں عمر ایوب کی اہلیہ کو ٹکٹ دینے سے متعلق صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ معاملات مقامی سطح کے ہیں، عمرایوب کا حلقہ پاکستان کا سب سے بڑا حلقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمر ایوب کی اہلیہ گزشتہ 20 سال سے بطور سیاسی ورکر کام کررہی ہیں، علاقے کی سیاست عمر ایوب کی اہلیہ دیکھتی ہیں، ایسانہیں کہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں یا مسلط کیاجارہا ہے، ان کی اہلیہ کا حق بنتا تھا جسے پارٹی نے تسلیم کیا۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا عمر ایوب نے 9 مئی کیسز میں اپنی نااہلی کی سزا تسلیم کرلی؟
اس پر سلمان اکرم راجا کہا کہ میری عمر ایوب یا ان کے وکیل سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، اس کے کیا محرکات ہیں میں نہیں جانتا، مجھےعلم نہیں ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا، اس لیے اس پر بات نہیں کروں گا۔



