انسداد دہشتگردی عدالت کی اعظم سواتی کا پاسپورٹ بلاک لسٹ سے نکالنے کی ہدایت

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا پاسپورٹ بلاک لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کر دی۔
اے ٹی سی جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں پاسپورٹ بلاک کرنے پر درخواست دائر کی تھی۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جب یہ مقدمہ درج کیا گیا تھا تب میں جیل میں موجود تھا، مجھے بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے نام بلاک لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔
اس سے پہلے اگست میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کو پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔
بیرون ملک جانے سے روکے جانے کے بعد اعظم خان سواتی نے پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی تھی جس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اعظم خان سواتی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔



