18ویں ترمیم کو تبدیل کرنا وقت کی ضرورت بن چکا،27 ویں آئینی ترمیم لانے پر غور کیا جا رہا ہے، رانا تنویر حسین

شیخوپورہ(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کو تبدیل کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے۔اگلے بلدیاتی انتخابات سے قبل این ایف سی ایوارڈ کو تبدیل کیا جائے گا۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو میں رانا تنویر حسین کا کہنا تھاکہ حکومت اٹھارویں ترمیم پر نظر ثانی کرنا چاہتی ہے، اٹھارویں ترمیم کو موجودہ ضرورتوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اگلے بلدیاتی انتخابات سے قبل این ایف سی ایوارڈ کو تبدیل کیا جائے گا، موجودہ دور میں اس ایوارڈکوتبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ اٹھارویں ترمیم سے گورننس کے مسائل آئے ہیں، اس پرنظرثانی ہونی چاہیے ، 18 ویں ترمیم کوتبدیل کرنا وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھاکہ آزادکشمیرمیں ن لیگ نے حتمی طورپر اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
افغانستان سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا ہم چاہتے ہیں افغانستان دہشت گردی کے خاتمے میں ہماری مدد کرے ، افغانستان کوحالیہ جنگ میں بھارت کی عبرت ناک شکست سے بھی سبق لینا چاہیے ، ہم افغانستان کو بھارت کی کٹھ پتلی نہیں بننے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ بہت پرانا ہو چکا ہے اور بدلتے ہوئے حالات کے تقاضوں کو پورا نہیں کر رہا ۔ اللہ کرے افغانستان کو عقل ا ٓجائے ورنہ ہمیں اسے یاد کرانا پڑے گا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ۔
رانا تنویر حسین نے کہاآزاد کشمیر کی حکومت کمزور ثابت ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہاں پر نئی حکومت بننے جا رہی ہے ، تاہم ہم نے مصمم ارادہ کیا ہوا ہے کہ نواز لیگ اپوزیشن میں بیٹھے گی ۔پی ٹی آئی کے ارکان کے فارورڈ بلاک بنا کر پیپلز پارٹی کی حمایت کرنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفت اپنی جماعت پر دن بدن کمزور ہو رہی ہے اور ہر شخص اپنے مفاد کے تابع کام کر رہا ہے ۔



