وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور کور کمانڈر پشاور کی ملاقات

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات گزشتہ ہفتے کے دوران جعمے کےروز ہوئی جب کور کمانڈر پشاور وزیر اعلیٰ ہائوس تشریف لائے۔

تاہم وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آفیشل میڈیا ٹیم کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں میڈیا کو کچھ نہیں بتایا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز جاری کی گئی۔ تاہم پی ٹی آئی قیادت نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔

پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور کور کمانڈر پشاور کے درمیان ملاقات گزشتہ ہفتے جمعے کو ہوئی۔ ان کے مطابق، کور کمانڈر پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور آئے اور سہیل آفریدی سے ملاقات کی۔

ان کے مطابق یہ کوئی غیر معمولی ملاقات نہیں تھی۔ سرکاری حکام جب بھی نئے وزیراعلیٰ آتے ہیں تو ملاقات کرتے ہیں اور مبارکباد دیتے ہیں، یہ بھی اسی نوعیت کی ایک ملاقات تھی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی اور کور کمانڈر کی ملاقات ون آن ون تھی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ملاقات کتنی دیر تک جاری رہی۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق، اس ملاقات میں صرف مبارکباد تک بات محدود نہیں رہی بلکہ صوبے کے امن و امان، سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں، اور حالیہ پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی نے کور کمانڈر کو یقین دلایا کہ امن کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی ابھی تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی، اور پالیسی گائیڈ لائن ملاقات کے بعد ہی ملے گی، جس کے بعد وہ حتمی پالیسی تشکیل دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button