افغان سمیت کسی بھی غیرملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے افغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں پر ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان پر مسلسل چھٹا اجلاس منعقد ہوا، غیر قانونی طور مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لئے مساجد میں اعلان کرانے کی ہدایت کی گئی اور افغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اورپٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کر لی گئی۔
اجلاس میں پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹ کرنے کے ذمہ دار قرار دیا گیا، تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوکر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان میں غیر قانونی طور پر ملازمت کرنے والے افغانوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئی بھی شخص کسی افغان یا غیر ملکی کو پراپرٹی دے گا توبھرپور ایکشن ہوگا، بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی گئی۔
بریفنگ دی گئی کہ صوبے بھر کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کے لئے 45 ہولڈنگ سنٹر قائم کیے گئے ہیں،غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو قیام طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ دی جارہی ہے، افغان باشندوں کی نشاندہی کے لئے چہرے سے شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم جاری ہے، عوام نے سی سی ڈی سے رابطے کر لیے، انتہا پسند جماعت کے لئے پرچارکرنے والے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ بھی قانون کی زد میں آگئے جبکہ ضروری کارروائی کے بعد پنجاب بھر میں مدارس کو ڈی سیل کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کو پکڑا جائے کوئی بے گناہ زد میں نہ آئے۔



