ییلو لائن منصوبے کے کنٹریکٹر کا کےالیکٹرک کیخلاف عدالت سے رجوع

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ ہائیکورٹ نے ییلو لائن منصوبے کے کنٹریکٹر کی کے الیکٹرک کیخلاف 51 کروڑ روپے کے غیر قانونی مطالبے اور منصوبے کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق درخواست پر فریقین کو 31 اکتوبر تک حالت جوں کی توں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ میں یلو لائن منصوبے کے کنٹریکٹر نے کے الیکٹرک کیخلاف 51 کروڑ روپے کے غیر قانونی مطالبے اور منصوبے کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نیو جام صادق پل کی تعمیرات کے دوران کے الیکٹرک کی 11 کے وی لائن کا پول تعمیرات میں تاخیر کا باعث بن رہا تھا۔ متعدد بار رابطے کے بعد کے الیکٹرک نے پول ہٹایا۔
کے الیکٹرک نے انفراسٹرکچر کی منتقلی کے لئے 51 کروڑ روپے طلب کئے ہیں۔ کے الیکٹرک منتقلی کی رقم کی عدم ادائیگی پر پول دوبارہ اسی جگہ لگانے کی دھمکی دے رہا ہے۔
یلو لائن منصوبے کی تعمیر کے دوران کسی کو بھی رکاوٹ پیدا کرنے سے روکا جائے۔ کے الیکٹرک کو نیو جام صادق پل پر دوبارہ پول کی تنصیب سے روکا جائے۔
عدالت نے فریقین کو 31 اکتوبر تک حالت جوں کی توں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔



