چین کا پاکستانی خلا باز کو مختصر مدت کے خلائی مشن پر بھیجنے کا اعلان

بیجنگ (جانوڈاٹ پی کے) چین کی انسانی خلائی ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ دو پاکستانی خلا باز چینی خلا بازوں کے ساتھ تربیت حاصل کریں گے، جن میں سے ایک کو مختصر مدت کے مشن پر چین کے خلائی سٹیشن بھیجا جائے گا۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق پاکستانی خلا باز کو پے لوڈ سپیشلسٹ کے طور پر مختصر دورانیے کے خلائی مشن میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیا جائے گا، رواں برس فروری میں ہونے والے اس معاہدے کے تحت پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب کا عمل 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا اور وہ چین کے آئندہ مشن میں خلائی سفر کریں گے۔

یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی تحقیقی ادارے سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان معاہدے کا نتیجہ ہے۔

چینی خلائی سٹیشن کا نام تیانگ گونگ ہے، جس کے معنی آسمانی محل کے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پہلے قومی خلا باز مشن کے دوران مختلف سائنسی تجربات کیے جائیں گے، جن میں حیاتیاتی و طبی سائنس، ایرو سپیس، اپلائیڈ فزکس، فلوئیڈ میکینکس، خلائی شعاعیں، ماحولیاتی تحقیق، مٹیریلز سائنس، مائیکرو گریویٹی سٹڈیز اور فلکیات جیسے شعبے شامل ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین معاہدے کے وقت اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی چین کے خلائی سٹیشن پروگرام میں شمولیت دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے اور یہ باہمی سائنسی تعاون اور پرامن خلائی تحقیق کے وسیع تر وژن میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان اور چین کے مابین دیگر شعبوں میں روابط کے علاوہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی تعاون بڑھا ہے اور حالیہ عرصے میں پاکستان کے کئی سیٹلائٹس چین کی مختلف لانچنگ سائٹس سے خلا میں روانہ کیے گئے ہیں۔

اس وقت پاکستانی سیٹلائٹس زمین سے قریب مدار تک محدود ہیں اور باقاعدہ خلا میں اپنے مواصلاتی سیارے بھیجنے کی صلاحیت میں پیچھے ہیں، سپارکو کے مطابق چینی خلائی مشن تیانگ گونگ میں پاکستانی خلابازوں کی شمولیت پاکستان کی خلائی ترقی کو سائنسی اور تکنیکی میدان میں آگے لے جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button