بنگلادیشی بیٹر چھکا لگا کر اسی گیند پر ڈرامائی انداز میں آؤٹ قرار

چٹوگرام(مانیٹرنگ ڈیسک )بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انتہائی عجیب واقعہ ہوا جس میں فاسٹ بولر تسکین احمد ہوم گراؤنڈ میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک زبردست چھکا مارا لیکن اسی گیند پر آؤٹ بھی قرار دیدیئے گئے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے آخری اوور میں بنگلادیش کو3گیندوں پر جیت کیلئے17رنز درکار تھے اور اس کی ایک وکٹ باقی تھی۔ بنگلادیشی بیٹر تسکین احمد نے بھرپور انداز میں شاٹ کھیلا، گیند لیگ سائیڈ کی باؤنڈری پار کر گئی،شائقین جھوم اٹھے، ساتھی کھلاڑی خوشی سے چلانے لگے کہ چھکا ہوگیا۔لیکن ری پلے میں ایک منظر میں یہ بات سامنے آئی کہ شاٹ کھیلنے کے دوران تسکین احمد کا پچھلا پاؤں وکٹ سے ٹکرا گیا اور بیلز گر گئیں جس کے بعد امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔کرکٹ کے رولز میں اس طرح سے آؤٹ ہونے کو ہٹ وکٹ آؤٹ کہا جاتا ہے۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا جہاں مداحوں نے اسے ‘کرکٹ کا سب سے بدقسمت چھکا’ قرار دیا۔کرکٹ میں ہِٹ وکٹ آؤٹ ویسے ہی کم دیکھنے کو ملتا ہے لیکن چھکا مارنے کے فوراً بعد ایسا ہونا بین الاقوامی سطح پر تقریباً نایاب ہے۔تسکین احمد کیلئے یہ لمحہ شاید بھلایا نہ جائے، مگر شائقین کیلئے یہ یاد دہانی تھی کہ کرکٹ میں ہمیشہ کچھ ایسا ممکن ہے جو کسی نے پہلے کبھی نہ دیکھا ہو۔
 
				


