ٹرمپ نے جنوبی کوریا کو جوہری آبدوز کی اجازت دیدی

واشنگٹن(نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیپارٹمنٹ آف ڈیفنس کو حکم دیا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات فوری طور پر دوبارہ شروع کرے تاکہ امریکا دیگر جوہری ممالک کے ساتھ برابر کی بنیاد پر کھڑا ہوسکے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان جنوبی کوریا کے شہر بوسان سے اپنے ایشیائی دورے کے اختتام پر وطن واپسی سے قبل کیا۔انھوں نے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ جنوبی کوریا کو اپنی پہلی جوہری آبدوز بنانے کی اجازت بھی دیدی گئی ہے۔صدر ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ میں نے محکمہ جنگ (محکمہ دفاع) کو ہدایت دی کہ ایٹمی ہتھیاروں کی جانچ دیگر ممالک کی طرح اور فوری شروع کرے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ دیگر ممالک، خصوصاً چین اور روس، اپنے ایٹمی پروگراموں کے تجربات تاحال جاری رکھے ہوئے ہیں۔صدر ٹرمپ کے بقول امریکا کے پاس دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ایٹمی ہتھیار ہیں لیکن چین اگلے پانچ برسوں میں اس سطح کے قریب پہنچ سکتا ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ انھوں نے جنوبی کوریا کو اپنی جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوز بنانے کی اجازت دے دی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button