قبائل پاکستانی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ،سہیل آفریدی

باڑہ(جانو ڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قبائل اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے تھے،وہ پاکستانی ہیں اورہمیشہ پاکستانی رہیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے یہ بات باڑہ میں امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی نامزدگی پر اعتراضات اٹھائے گئے لیکن وہ قبائلی عوام کے حقیقی نمائندے ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے مالی بقایاجات کی فوری ادائیگی کی جائے۔
ہمیں بھیک نہیں چاہیے، ہمیں اپنا حق دیا جائے۔ قبائلی عوام نے ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ صوبے کے ہر ضلع میں امن جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر حل کیے جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت قبائلی عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے، کیونکہ ترقی، انصاف اور امن کے بغیر قبائلی علاقوں میں حقیقی استحکام ممکن نہیں۔



