’’میں شرمندہ ہوں‘‘علیزے شاہ نے اپنی تمام تصاویر انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردیں

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ علیزے شاہ نے اپنی تمام تصاویر انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردی ہیں۔علیزے شاہ نے بطور چائلڈ آرٹسٹ اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج ان کا شمار پاکستان کی نامور اور خوبرو اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے، بے پناہ شہرت و کامیابی کے باوجود اداکارہ ذہنی تناؤ کا شکار رہی ہیں جس کا ذکر انہوں نے وقتاً فوقتاً اپنی مختلف سوشل میڈیا پوسٹ میں کھل کر کیا ہے جبکہ ان پر سوشل میڈیا کی جانب سے تنقید بھی کی جاتی ہے۔
اب حال ہی میں اداکارہ نے ایک بار پھر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر کے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، انسٹاگرام پر اداکارہ نے ویڈیو اپنی اسٹوری میں شیئر کی اور اپنے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے انسٹاگرام سے تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دی ہیں جس پر میں بہت خوش ہوں، اس سے قبل میں شرمندہ تھی کیونکہ مجھے نہیں معلوم کہ میں اب تک اپنی زندگی کے ساتھ کیا کررہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں سوشل میڈیا پر کب واپس آؤں گی، لیکن وہ تصاویر واپس نہیں آئیں گی اور نہ ہی وہ علیزے واپس آئے گی۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز پر اداکارہ کا ویڈیو پیغام وائرل ہوا تو صارفین کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے علیزے کی ذہنی صحت کے حوالے سے فکر مند دکھائی دیئے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اداکارہ نے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹ ڈیلیٹ کی ہوں، اس سے قبل گزشتہ برس ستمبر اور رواں سال اپریل میں بھی علیزے شاہ اپنے انسٹاگرام کی تمام تصاویر و پوسٹ ڈیلیٹ کر چکی ہیں۔



