قاہرہ(جانو ڈاٹ پی کے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے قاہرہ میں ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تکنیکی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات قاہرہ کے اتحادیہ صدارتی محل میں ہوئی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مصری قیادت کے کردار کو سراہا، جبکہ صدر عبدالفتاح السیسی نے اسلامی دنیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹیجک مفادات کے معاملات پر قریبی رابطوں اور تعاون کے فروغ پر زور دیا۔اس موقع پر عوامی سطح پر تعلقات اور تبادلۂ تجربات بڑھانے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے تعاون میں دفاعی ٹیکنالوجی، انسدادِ دہشتگردی، صنعتی ترقی اور اقتصادی شراکت داری کے شعبے شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ ملاقات پاکستان کے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے مسلم ممالک کے ساتھ نئے سفارتی و دفاعی باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، جو خطے میں باہمی استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دے گی۔
Back to top button