بدین میں قبضہ مافیا کی شامت،عدالت نے قبضہ مافیاکے2ارکان کو 5-5سال قید کا حکم سنادیا

بدین (جانو ڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ  سیشن جج بدین عنایت اللہ بھٹو کی عدالت نے غیر قانونی قبضے کے مقدمے میں 6ملزموں کو 5-5سال قیدِ با مشقت اور ایک، ایک لاکھ روپے معاوضے کی سزا سنادی ہے۔فیصلہ گولاڑچی کے رہائشی میاں تسنیم رضا کی جانب سے دائر فوجداری شکایت پر سنایا گیا، جنہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا ان کی ملکیتی کمرشل زمین، سروے نمبر 134/3، وارڈ نمبر 2، دیہہ بارودری، تعلقہ شہید فاضل راہو پر ملزموں نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔عدالتی کارروائی کے دوران شکایت کنندہ کی جانب سے کیس کی پیروی بیرسٹر میاں جواد رضا نے کی۔فیصلے کے مطابق مذکورہ زمین کا ابتدائی ریکارڈ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہ پلاٹ سال 1980 میں سرکاری نیلامی کے ذریعے فروخت ہوا تھا، جسے بعد ازاں ملک اختر علی اعوان نے خریدا اور 7نومبر2022 کو رجسٹرڈ سیل ڈیڈ نمبر 2693 کے تحت میاں تسنیم رضا کے نام منتقل کیا۔ پلاٹ ریونیو ریکارڈ میں کمرشل پلاٹ (پٹرول پمپ کی زمین) کے طور پر درج ہے۔عدالت کے مطابق ملزمان نور محمد جاکھرو، اللہ بچایو، ظہیر خان، محمد سلیم، علی اکبر اور منور علی نے27ہزار750مربع فٹ رقبے پر غیر قانونی قبضہ کیا، جہاں انہوں نے ریتی بجری کا کاروبار اور پان کی کیبنیں قائم کر رکھی تھیں، جن سے وہ روزانہ 40سے50ہزار روپے تک آمدنی حاصل کر رہے تھے۔فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کا "آبائی ملکیت” کا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد نکلا، جبکہ شواہد اور ریونیو ریکارڈ نے مدعی کی ملکیت کو ثابت کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان عادی قبضہ خور ہیں اور وہ اس سے قبل بھی اسی پلاٹ پر غیر قانونی قبضہ کرنے کے جرم میں سزا پا چکے ہیں۔فیصلے میں انکشاف کیا گیا کہ کریمنل کمپلینٹ نمبر 8/2010 میں ایڈیشنل سیشن جج بدین نے ملزم نور محمد جاکھرو اور اس کے ساتھیوں کو غیر قانونی قبضہ ایکٹ 2005 کی دفعہ 3(2) کے تحت پانچ سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، تاہم انہوں نے دوبارہ اسی پلاٹ پر قبضہ کرلیا۔موجودہ فیصلے میں عدالت نے ایک بار پھر تمام ملزمان کو مذکورہ قانون کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قیدِ با مشقت اور ایک لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی سزا سنائی، جو متاثرہ فریق میاں تسنیم رضا کو ادا کیا جائے گا۔عدالت نے واضح کیا کہ اگر ملزمان نے معاوضہ ادا نہ کیا تو انہیں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ مختیارکار ریونیو شاہیِد فاضل راہو اور ایس ایچ او متعلقہ تھانہ فوری طور پر پلاٹ کا قبضہ میاں تسنیم رضا کے حوالے کریں۔ سزا سنائے جانے کے بعد ملزمان کو عدالت سے ہی گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل بدین منتقل کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button