بلوچستان: سکیورٹی فورسز کی چلتن اور کیچ میں کارروائیاں، 18 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چلتن اور کیچ میں دو کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو چلتن کے پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس معلومات ملیں جس پر سکیورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں اور آپریشن شروع کر دیا۔

ضلع کوئٹہ کے پہاڑی علاقے چلتن میں سکیورٹی فورسز اور بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔

دوسرے آپریشن میں ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا جہاں بھارتی حمایت یافتہ 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ کیچ اور چلتن میں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے جانے والے افراد دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انسداد دہشت گردی مہم کے تحت دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہیں اور یہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button