بھارت میں آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کی جنسی ہراسانی، بی سی سی آئی کا ردعمل بھی آگیا

نیو دہلی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اندور میں آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی جنسی ہراسانی کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے سے بھارت کا تشخص مجروح ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پورا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور ملزم کو فوری گرفتار کرنے پر مدھیا پردیش پولیس کی تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، اس طرح کے واقعات سے بدنامی ہوتی ہے، ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے فوری کارروائی کرنے پر ہم ریاستی پولیس کو سراہتے ہیں، اب ملزم کو سزا کے لیے قانون خود اپنا راستہ لے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ویمنز کرکٹ ورلڈ میں حصہ لینے والی آسٹریلیا کی ٹیم کی دو کھلاڑیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک موٹر سائیکل سوار انہیں نامناسب انداز میں چھو کر فرار ہوا تھا۔

آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم کی دونوں کھلاڑی ہوٹل سے نزدیک واقعے کیفے جارہی تھیں کہ اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔

سب انسپکٹر نیدھی راگھووانشی کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص نے کھلاڑیوں کا پیچھا کیا اور ایک کھلاڑی کو نامناسب انداز میں چھوا اور فرار ہوگیا۔

مزید خبریں

Back to top button