سندھ میں ڈینگی کے وار برقرار،حکومت سندھ کا بڑا اعلان

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہےجس کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹےکے دوران ڈینگی کے مجموعی طور پر 5742 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1558 مثبت آئےہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن میں 4010 ٹیسٹ ہوئے جن میں 758 کیسز سامنے آئے جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1732 ٹیسٹ کیے گئے اور 800 کیسز رپورٹ ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 81 نئے مریض داخل ہوئے جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں 68 نئے مریض داخل ہوئے۔اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں سے 58 مریض جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں سے 25 مریض صحتیاب ہوکر گھر گئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔
سرکاری و نجی سپتالوں میں مریضوں کیلیے بستر مختص
رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 201 جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 180 ہے۔کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 251 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 116 اور اندرون سندھ میں 528 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 895 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔
کراچی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 132 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 161 اور اندرون سندھ میں 36 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 329 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔
کتنی لیبارٹریز کام کررہی ہیں؟
سیکریٹری محکمہ صحت ریحان بلوچ نے بتایا کہ کراچی میں کل 36 لیبارٹریز ڈینگی ٹیسٹنگ کر رہی ہیں جن میں 13 سرکاری اور 23 نجی لیبارٹریز شامل ہیں۔حیدرآباد میں ڈینگی ٹیسٹنگ کے لیے 18 لیبارٹریز متحرک ہیں جن میں 7 سرکاری اور 11 نجی لیبارٹریز شامل ہیں۔ رواں ماہ صوبے بھر میں ڈینگی کے 2090 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سال 2025 کے دوران مجموعی کیسز کی تعداد 2735 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں ماہ کراچی ڈویژن میں 1005 جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 938 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح میرپورخاص ڈویژن میں 114، سکھر ڈویژن میں 13، شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 14 جبکہ لاڑکانہ ڈویژن میں 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ٹیسٹ کی قیمت میں نمایاں کمی
سیکریٹری محکمہ صحت ریحان بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدام کر رہے ہیں۔ ڈینگی، ملیریااور سی بی سی ٹیسٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے،نئی قیمتوں کااطلاق ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملیریا کا ٹیسٹ 3000 روپے سے کم ہوکر صرف 600 روپے، ڈینگی ٹیسٹ کی قیمت 3450 سے کم ہوکر 1100 روپے، ڈینگی کومبو ٹیسٹ اب 4150 کے بجائے 1500 روپے، فالواپ سی بی سی کی قیمت1250سےکم ہوکر500روپے ہوگئی ہے۔



