سندھ بھر میں 6 لاکھ سے زائد عطائی ڈاکٹروں کا انکشاف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیرصحت سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہےکہ  سندھ میں 6 لاکھ سے  زائد  عطائی ڈاکٹر  ہیں  جن میں  سے 40 فیصد کراچی میں ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق  وزیرصحت ڈاکٹر عذرا  پیچوہو کی زیر صدارت ایچ آئی وی کے بڑھتےکیسز  اور  روک تھام  پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز  اور ایس ایس پیز  نے آن لائن شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق  اجلاس میں وزیرصحت کو صوبے بھر میں ایچ آئی وی کے بڑھتے  ہوئےکیسز پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں  6 لاکھ سےزائد اتائی ڈاکٹر ہیں جن میں سے40فیصد کراچی میں ہیں۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ 3995 بچوں کے رجسٹرڈ کیسز ہیں جن میں سے لاڑکانہ میں 1144، شکارپور میں 509، شہید بےنظیرآباد میں 256، میرپورخاص  میں 228  اور دیگر  اضلاع  میں درجنوں کیسز موجود ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ  ایچ آئی وی کی وجوہات اتائی ڈاکٹر،غیرقانونی کلینک، غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکس  ہیں۔ اس کے علاوہ حجاموں کے استعمال شدہ بلیڈز، سرنجزکی ری پیکنگ، اسپتالوں کے ویسٹ کی فروخت بھی بڑی وجہ ہے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ عوام کی جان سےکھیلنے کی  اجازت نہیں، زیروٹالرنس پالیسی،کوئی سفارش نہیں چلےگی، سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن، پولیس  اور ڈی سیز اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کریں۔

 ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ اگر کسی ایم این اے یا ایم پی اے کی سفارش آئے تو مجھے بتائیں، میں خود نمٹ لوں گی، سندھ ہیلتھ کیئر جن مراکز کو سیل کرے انہیں دوبارہ کھولنے والوں کو گرفتار کیا جائے، غیر رجسٹرڈ بلڈ بینکس کو فوری بندکرکے لائسنس یافتہ مراکز کی لسٹ  فراہم کی جائے۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ  پولیس، ایڈمنسٹریشن، صحت کے اداروں  اور سی بی اوز  پر مشتمل مشترکہ  حکمت عملی کی وباء کو روک سکتی ہے، حکومت ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے آگے دیوار بنے گی، عوام کی صحت سےکھیلنےکی اجازت نہیں دیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button