کراچی میں ای چالان کا تیسرا دن، مزید 4 ہزار سے زائد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ای چالان کے نفاذ کو 3 روز گزر گئے۔ مجموعی طور پر شہر بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 10 ہزار سے زائد ای چالان کردیے گئے۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ای چالان کے نظام کے نفاذ کے تیسرے روز بھی 4 ہزار سے زائد ای چلان کئے گئے ہیں۔
ڈی ایس پی کاشف ندیم کے مطابق کیمروں کی مدد سے ای چلان کے نافز العمل ہونے کے بعد تیسرے روز ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے زیر استعمال گاڑی سمیت پولیس کے زیر استعمال 3 گاڑیوں کے ای چلان کئے گئے ہیں، جبکہ 11 سرکاری گاڑیاں بھی ای چالان ملنے والی فہرست میں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 2100 ، دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 144 ای چلان کئے گئے ہیں۔ غلط سمت سے آنے پر 30 اور سگنل توڑنے پر 314 چلان کئے گئے۔
موٹر سائیکل پر ہیلمٹ نا پہننے والے 872 افراد کو ای چالان جاری کردیے گئے۔ دوسری جانب ہیوی ٹریفک کو بھی نہیں بخشا گیا رفتار کی حد عبور کرنے والی ہیوی ٹریفک کے خلاف ٹریکر کی مدد سے بھی چالان کئے گئے ۔
ڈی ایس پی کاشف ندیم کے مطابق ہیوی ٹریفک کو کم سے کم 20 ہزار کا چالان کیا جارہا ہے۔ جبکہ ای چلان کے تیسرے روز 101 ہیوی ٹریفک کے خلاف چالان کئے گئے، جس میں سے 21 واٹر ٹینکرز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کے پہلے روز 2 ہزار سے زائد ، دوسرے روز چار ہزار سے زائد جبکہ تیسرے روز بھی 4 ہزار سے زائد ای چالان کئے گئے ہیں۔



