گاڑی کا اصل مالک فوت ہو چکا، اب ای چالان کون بھرے گا؟ ڈی آئی جی ٹریفک نے حل بتا دیا

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں نئے فیس لیس سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ای ٹکٹ جاری ہونے کا سلسلہ شروع ہوتے ہی شہریوں کے ذہنوں میں کئی سوالات جنم لے رہے ہیں جن میں سے ایک یہ بھی ہے کہ گاڑی کے اصل مالک کی وفات کے بعد ای چالان کون ادا کرے گا؟
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایس 4 کیمرے پورے سندھ میں نصب ہیں یہ نظام آہستہ آہستہ چلے گا کیونکہ ایک دم کوئی انقلاب نہیں آتا، ہمیں اس نظام کو وقت دینا پڑے گا، صبر سے کام لیں گے تو یہ کامیاب ہوگا۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ اگر گاڑی ایک شہری کے نام پر رجسٹرڈ ہے لیکن اب کسی اور کے زیرِ استعمال ہے اور اس پر ای چالان بھی جاری ہو چکا ہے تو شہری (جو گاڑی فروخت کر چکا ہے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں بائیو میٹرک کروائے اور گاڑی جس شخص کے زیرِ استعمال ہے اُس کے شناختی کارڈ کاپی دے کر اپنے نام سے گاڑی کی ملکیت ہٹا لے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ اگر گاڑی کا مالک فوت ہوگیا ہے اور اس کا ایڈریس بھی نہیں مل رہا یا غلط ہے تو ہمارے پاس وہ جرمانہ ریکارڈ نہیں ہوگا بلکہ ہم ایسی گاڑی کو بلیک لسٹ میں ڈالیں گے جو سیف سٹی اتھارٹی کے انڈر آ جائے گی، پھر جہاں پر بھی وہ گاڑی نظر آئی اسے ضبط کر لیا جائے گا اور اُس وقت تک نہیں چھوڑا جائے گا جب تک اسے نام پر نہ کروایا جائے یا جرمانے کی رقم ادا نہ کی جائے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے پیر محمد شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اس میں اپنا موجودہ ایڈریس اور نمبر فراہم کریں، ایپ میں آپ کو یہ بھی معلوم ہو جائے گا کہ آپ کے شناختی کارڈ پر کتنی گاڑیاں چل رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایپ پر شہری خود سے کی گئی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں بھی چیک کر سکتے ہیں، شہری یہ بھی دیکھ سکتے ہیں انہیں جرمانے کے علاوہ کتنی بار وارننگ دی گئی کیونکہ ایک شہری کو ایک ہی وقت میں متعدد خلاف ورزیوں پر الگ الگ ای چالان جاری نہیں کر سکتے۔
پروگرام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہری اپنے رویوں میں تبدیلی لائیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں یہ نظام انہی کی حفاظت کیلیے بنایا گیا ہے۔
 
				


