ملتان ،سیلاب متاثرہ علاقوں میں اینٹوں کی ٹرالی کی قیمت 35 ہزار سے بڑھ کر 50 ہزار روپے تک جا پہنچی

ملتان(جانوڈاٹ پی کے)سیلاب کے بعد ملتان کے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تو شروع ہوگیا ہے مگر بلڈنگ میٹریل کی قیمتوں میں اضافے نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والی اینٹوں کی قیمت 35 ہزار روپے فی ٹرالی سے بڑھ کر 50 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ گھر کی تعمیر کو مشکل بنا رہا ہے۔

ایک متاثرہ شخص نے بتایا کہ ’’نئی اینٹوں کا ریٹ بہت بڑھ گیا ہے، پہلے 35 ہزار تھا اب 50 ہزار پر پہنچ گیا ہے، اس لیے پرانی اینٹیں لے کر کام چلا رہے ہیں۔‘‘

سیلاب سے بے گھر سینکڑوں خاندان اپنے ٹوٹے گھروں کو دوبارہ بنانے کی کوشش میں ہیں، دوسری جانب خود ساختہ مہنگائی کرکے بھٹہ مالکان ناجائز منافع کمانے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب بھٹہ مالکان کا مؤقف ہے کہ اینٹوں کی قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ میٹریل اور کوئلے کی بڑھتی قیمتیں ہیں۔ ان کے مطابق پہلے کوئلہ 9 ہزار روپے فی ٹن آتا تھا جو اب 15 سے 16 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسمیع شیخ نے کہا کہ  جیسے ہی کوئی آفت آتی ہے لوگ اس میں منافع خوری کرنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں، زیادہ سے زیادہ ناجائز جو منافع ہے وہ لینے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں، ہم نے جو بھٹہ ایسوسی ایشن ہے اس سے بھی بات کی ہے کہ جو ہمارے اینٹوں کے ریٹس ہیں وہ ہمارے زیادہ نہ ہوں، ہماری پروڈکشن بھی کافی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button