گورنر سندھ نے کراچی میں میٹا کا دفتر کھولنے کا مطالبہ کردیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی میٹا کا دفتر کھولنے کا مطالبہ کردیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ’’میٹا‘‘ کے وفد نے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔گورنر ہاؤس آمد پر کامران خان ٹیسوری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 24 کروڑ آبادی کا ملک ہے لیکن یہاں میٹا کا کوئی دفتر موجود نہیں جبکہ کراچی جیسے تین کروڑ آبادی والے شہر میں میٹا کا پہلا دفتر قائم ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ملاقات میں نوجوانوں کی تربیت، آئی ٹی شعبے کی ترقی اور باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹا کے ڈائریکٹر نے گورنر انیشیٹیوز کے تحت جاری جدید آئی ٹی کورسز کی مفت فراہمی کو قابلِ تقلید اور حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔



