عمران ہاشمی نے ’’حق‘‘ کے تنازع پر خود کو ’لبرل مسلم‘ قرار دے دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے اپنی فلم ’حق‘ کے تنازع پر خود کو ’لبرل مسلم‘ قرار دے دیا۔بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی کی فلم ’حق‘ کے ٹریلر پر عوام کی جانب سے ردعمل سامنے آیا اور کہا گیا کہ یہ فلم مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے یا بدنام کررہی ہے۔
تاہم حالیہ انٹرویو میں عمران ہاشمی نے کہا کہ ’حق‘ فلم کسی کمیونٹی کو بدنام نہیں کررہی اگر ایسا ہوتا تو یہ فلم ہی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فلم کا اسکرپٹ پڑھا، میں نے اسے تخلیفی اداکار کے نقطۂ نظر سے دیکھا اور مجھے لگا کہ اس کا تجزیہ کرنا ہوگا اور میں اس نتیجے پر پہنچا کہ اس میں کسی کمیونٹی کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
اداکار نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ لوگ کیا کہیں گے لیکن ایک لبرل مسلمان ہونے کے ناطے میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے فلم کی کہانی سے کوئی مسئلہ نہیں تھا کیونکہ ہم کسی کمیونٹی کو بدنام نہیں کررہے، اگر ایسا ہوتا تو میں یہ فلم نہ کرتا۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ میں جس قسم کا مسلمان ہوں، میں نے پروین سے شادی کی جو ہندو خاتون ہے، میرا بچہ پوجا اور نماز دونوں میں حصہ لیتا ہے، یہ میری سیکولر پرورش ہے۔
اداکار نے کہا کہ میں یہ فلم اپنے نظریے سے دیکھ رہا ہوں ہر کوئی فلم کو اپنے کنڈیشننگ، مذہبی عقائد، پرورش، ماحول اور ذاتی نقطہ نظر کے عینک سے دیکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ’حق‘ میں عمران ہاشمی اور یامی گوتم نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، فلم کی کہانی مشہور شاہ بانو کیس پر مبنی ہے جس نے بھارت میں طلاق کے حقوق کے حوالے سے مسلم خواتین کے لیے اصلاحات کی راہ ہموار کی۔



