ملاقات تک کام چلائیں،چھوٹی کابینہ بنائیں:عمران خان کا سہیل آفریدی کو پیغام

راولپنڈی ( جانو ڈاٹ پی کے ) تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو کابینہ بنانے کی اجازت دے دی ہے اور ہدایت کی کے کہ جب تک ملاقات کی اجازت نہیں ملتی تب تک وہ ضرورت کے مطابق چھوٹی کابینہ بنا کر کام چلائیں۔ عمران خان نے یہ ہدایت اپنے ہمشیرہ ڈاکٹر اعظمی کے ذریعے جاری پیغام میں کی ہے۔ ڈاکٹر اعظمی نے منگل کے روز عمران خان سے ملاقات کی۔ منگل عمران خان سے وکلا اور اہل خانہ کی ملاقات کیلئے مختص ہے تاہم علیمہ خان کے مطابق کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، حتیٰ کہ وزیراعلی خٰبرپختونخواہ سہیل آفریدی بیٹھ بیٹھ کر چلے گئے مگر انہیں بھی عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملنے نہیں دیا گیا۔ وکلا تک کو واپس بھیج دیا گیا اور آخری وقت پر صرف ڈاکٹر اعظمی کو ملاقات کی اجازت ملی۔ عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہرعلیمہ خان کے ہمراہ میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے ڈاکٹر اعظمی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو خیبرپختونخواہ میں ہوئے کامیاب جلسوں کے بارے میں آگاہ کیا، انہیں بتایا کہ لوگ صرف آپ کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ اب مارچ کی بات کر رہے ہیں، میں نے انہیں اڈیالہ تک مارچ کا کہا اور کہا کہ عدالتوں سے انصاف کی امید نہیں اس لئے اب اڈیالہ جیل تک مارچ کرنا چاہئے جس پر وہ خوش ہوئے۔ عمران خان کا پیغام سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کیلئے پیغام دیا ہے کہ کیوں کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا اس لئے وہ ملاقات ہونے تک اپنی مرضی کی چھوٹی کابینہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ کابینہ کے حوالے انہوں نے وزیراعلیٰ کو کوئی نام تجویز نہیں کیا اس لئے وہ اپنی مرضی سے فیصلہ کریں۔ ڈاکٹر اعظمی کا کہنا تھا کہ عمران خان احمد چٹھہ اور بلال اعجاز کو عہدوں پر ہٹائے جانے کی خبر سے پریشان ہو گئے اور انہوں نے کہا کہ وہ ان کے پرانے ساتھی ہیں انہوں نے ان دونوں کو ہٹانے کا پیغام نہیں بھیجا، ان کے نام پرغلط پیغام دیا گیا ہے۔ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کیلئے پیغام بھیجا کہ آئندہ پارٹی کے متعلق ان کا پیغام صرف اور صرف وہ یعنی سلمان اکرم راجہ ہی جاری کریں گے کوئی اور ان کا پیغام جاری نہیں کر سکتا ۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا ، ایم این ایز اور ایم پی ایز کو پیغام دیں کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ جائیں اور اس وقت تک وہاں بیٹھے رہیں جب تک انہیں ان کی القادر میں سزا کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی تاریخ نہیں مل جاتی، ہائی کورٹ سے تاریخ لے کر ہی اٹھیں۔



