بھارت نے پابندیوں کا شکار روسی کمپنی کے ساتھ مسافر طیارے بنانے کا معاہدہ کرلیا

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے)بھارت کی سرکاری طیارہ ساز کمپنی ہندوستان ائیروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے پابندیوں کا شکار روسی ایروسپیس کمپنی کے ساتھ مسافر طیاروں کی تیاری کا معاہدہ کرلیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ روس کی یونائیٹڈ ائیرکرافٹ کارپوریشن (یو اے سی) کے ساتھ کیا گیا ہے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام مغربی ممالک کے ساتھ بھارت کے تعلقات میں کشیدگی پیدا کر سکتا ہے۔
یو اے سی پر امریکا، یورپی یونین اور برطانیہ کی پابندیاں عائد ہیں اور امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ کمپنی روس کے فوجی صنعتی ڈھانچے میں ایک کلیدی ادارہ سمجھی جاتی ہے۔
ماسکو میں طے پانے والے معاہدے کے مطابق ایچ اے ایل بھارت میں روسی کمپنی کے SJ-100 مسافر طیارے تیار کرے گی۔ ان طیاروں میں 100 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے اور یہ بھارت کے ملکی ہوابازی کے شعبے میں استعمال ہوں گے۔
ایچ اے ایل پہلے بھی روسی کمپنیوں کے ساتھ کام کرچکی ہے اور سخوئی Su-30MKI جنگی طیارے بھارت میں روسی لائسنس کے تحت تیار کرتی ہے۔
کمپنی کے مطابق بھارت میں آئندہ 10 سالوں میں 200 سے زائد مسافر طیاروں کی ضرورت ہوگی جبکہ 350 مزید طیارے قریبی بین الاقوامی سیاحتی روٹس کے لیے درکار ہوں گے۔



