نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر چیتہ دیکھے جانے کی اطلاع، سرچ آپریشن جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیتہ نظر آنے کی اطلاع کے بعد ایئرپورٹ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ چیتے کی تلاش کے لیے ایئرپورٹ کے احاطے اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے تاہم تاحال کسی چیتے کا سراغ نہیں مل سکا۔
چیتے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ انتظامیہ نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیموں کو بھی طلب کر لیا گیا ہے جو علاقے میں چیتے کی موجودگی سے متعلق شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن مکمل ہونے تک ایئرپورٹ کے حساس مقامات پر گشت بڑھا دیا گیا ہے۔



