اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،ہزاروں لیٹر ملاوٹی دودھ تلف ، ایک لاکھ سے زائد جرمانے کر دیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 340 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف اور 1 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے حکم پر وفاق میں گرینڈ آپریشن کیا گیا،علی الصبح این 5 میٹرو سٹیشن 26نمبر پر ناکہ بندی کر کے دودھ کی چیکنگ کی گئی۔

فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 10 ہزار 890 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی جس میں 2 ہزار 340 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیاگیا۔

اس دوران فوڈ اتھارٹی نے 20 دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی،جن میں سے17 پاس جبکہ 3 فیل ہو گئیں، قوانین کی خلاف ورزیوں اور سیمپل فیل ہونے پر 1لاکھ 18ہزار کے جرمانے عائد  کئے گئے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کاکہناتھا کہ تلف دودھ میں ملاوٹ اور معیار کی کمی پائی گئی ،ناکہ بندی کرکے غیر معیاری دودھ کی سپلائی ناکام بنائی گئی،ڈپٹی ڈائریکٹر کاکہناتھا کہ دودھ کے معیار پر زیروٹالرنس پالیسی ہے، غذائیت سے بھرپور دودھ کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہاکہ ملاوٹی دودھ کا استعمال بچوں اور بوڑھوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے،دودھ معیار کو بہتر کرنے کیلئے دن رات کارروائیاں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button