اسرائیل نےغزہ پر حملوں سے قبل امریکی انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا، اسرائیلی میڈیا

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل نے غزہ پر  وحشیانہ حملوں سے قبل امریکا کو  اپنے اقدامات سے آگاہ کیا۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی حکومت نے غزہ پر حملوں سے قبل امریکی انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا تاہم امریکا کی جانب سے تاحال اس دعوے کی باضابطہ طور پر تصدیق یا تردید نہیں ہوسکی۔

 اسرائیلی وزیراعظم کے حکم کے بعد صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملے کیے، ایک میزائل الشفاء اسپتال کے پیچھے گرا۔ حملے سے اسپتال کے اندر مریضوں اور  طبی عملے میں شدید خوف و  ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ میں 10 اکتوبر  کو  ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل 125 بار  معاہدے کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے جس کے نتیجے میں 94 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر کو جنگ بندی معاہدہ ہوا تھا۔

13 اکتوبر کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں معاہدے پر باقائدہ  دستخط کیے گئے تھے تاہم چند دنوں بعد ہی اسرائیلی فوج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر دوبارہ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button