جہلم:گائے کی ٹانگ کاٹنے والے2ملزم گرفتار

جہلم(مانیٹرنگ ڈیسک)جہلم کے گاؤں محال میں کھیت میں داخل ہونے پر گائے کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں پولیس نے2افراد کو گرفتار کر لیا۔فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) دو زمینداروں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 429 (کسی بھی مال مویشی یا جانور کو مارنے یا اپاہج کرنے سے متعلق شرارت) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔شکایت کنندہ (گائے کا مالک) نے الزام لگایا کہ ملزمان نے کلہاڑی سے گائے کے اگلے پیروں پر وار کیا، جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں، ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اور شکایت کنندہ کو دھمکیاں دیں۔جہلم کے ضلعی پولیس افسر طارق عزیز سندھُو نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سے ایک کو واقعے کے مقام کے قریب جنگل سے پکڑا گیا۔ڈی پی او نے کہا کہ پولیس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 429 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔



