ہتک عزت کیس ، بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی ضمانت منظور

نئی دہلی (جانوڈاٹ پی کے)بھارتی پنجاب کے ضلع بٹھنڈہ کی مقامی عدالت نے معروف بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت کی 2021 کے ہتکِ عزت کے کیس میں ضمانت منظور کر لی۔

یہ مقدمہ کسان احتجاج کے دوران کسان خاتون مہیندر کور کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، جنہوں نے الزام لگایا تھا کہ کنگنا نے ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ ان کے سوشل میڈیا بیان سے پیدا ہونے والی “غلط فہمی” پر انہیں افسوس ہے، میں نے کسی شخص کے خلاف براہِ راست تبصرہ نہیں کیا تھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مہیندر جی کے خاندان سے جو غلط فہمی ہوئی، اس پر میں نے اُن کے شوہر کو پیغام دیا کہ اسے غلط فہمی ہوئی ہے۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ اتنا بڑا تنازع بن جائے گا۔ ہر ماں، چاہے وہ پنجاب کی ہو یا ہماچل کی، میرے لیے قابلِ احترام ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پوسٹ کو غلط طور پر سمجھا گیا۔ “وہ ایک میم کی صورت میں ری ٹویٹ تھا جس میں کئی خواتین کی تصاویر تھیں، کسی ایک کیخلاف بات نہیں کی گئی تھی۔ میرا مقصد کسی کی بےعزتی کرنا نہیں تھا۔

کنگنا نے عدالت میں معافی مانگنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ مہیندر کور کے وکیل رغوبیر سنگھ بینیوال نے تصدیق کی کہ عدالت نے کنگنا کی ضمانت ان کے والد کی ضمانتی بانڈ پر منظور کی ہے۔

یاد رہے کہ 2021 میں اداکارہ پر اپنی پوسٹ کے حوالے سے الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ وہی خاتون ہیں جو شاہین باغ مظاہرے میں بھی شریک تھیں۔ اس بیان کو مہندر کور نے اپنی عزت و وقار کے خلاف قرار دیتے ہوئےان کے خلاف ہتک عزت کی شکایت درج کرا دی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button