ایم کیو ایم نے کراچی میں ای چالان کی مخالفت کردی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی انجینئیر عادل عسکری نے کراچی کے شہریوں پر بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے بغیر الیکٹرانک چالان کے نفاذ کے خلاف سندھ اسمبلی میں فوری عوامی اہمیت کی تحریکِ التواء جمع کرادی ہے۔
تحریکِ التواء میں عادل عسکری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ٹریفک کے بنیادی انتظامات اور روڈ سیفٹی کے اقدامات کو یقینی بنائے بغیر شہریوں پر الیکٹرانک چالان کا نفاذ کیا ہے، جو سراسر ناانصافی، قبل از وقت اور نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے شہر اور صوبے میں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں، شہریوں کے لیے روزانہ مشکلات اور حادثات کا باعث بن رہی ہیں، شہر میں نقل و حمل کا کوئی مناسب نظام موجود نہیں اور مسافروں کے پاس عوامی نقل و حمل کے کوئی قابل عمل آپشن دستیاب نہیں ہیں۔



