کراچی میں رات گئے پولیس مقابلے، 4 زخمی ڈاکوؤں سمیت 5 ملزمان گرفتار، ایک فرار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے متعدد مقابلوں کے دوران 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں سے 4 ڈاکو زخمی حالت میں تھے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ مبینہ مقابلے مختلف علاقوں میں ہوئے جن میں بلال کالونی، منگھو پیر، اور شارع نورجہاں شامل ہیں۔
سب سے پہلے بلال کالونی پولیس نے نارتھ کراچی میں مبینہ طور پر دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان میں محسن عباسی اور محمد آصف شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ملزمان سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئے۔
اس کے علاوہ منگھو پیر پولیس نے حب ریور روڈ پر دو ڈاکوؤں، شہریار اور مشتاق کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
دونوں ملزمان سے دو پستولیں، چھینی گئی رقم سے بھرے پرس، موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایک اور کارروائی شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلا یو میں کی جہاں ایک ڈاکو حسان زخمی حالت میں گرفتار ہوا، تاہم اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
حسان سے ایک پستول، دو موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔ زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔



