جرمن کمپنیKSBکاپاکستان میں بڑے پیمانے پر فیکٹری لگانے کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)جرمنی کی معروف صنعتی و انجینئرنگ فرم KSB نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر فیکٹری قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ (BOI) قیصر احمد شیخ اور KSB کے اعلیٰ سطحی جرمن وفد کے درمیان ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دو طرفہ اقتصادی تعاون، صنعتی شراکت داری اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر جرمن وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کا پاکستان میں سابقہ تجربہ "انتہائی مثبت” رہا ہے، اور KSB مستقبل میں بھی یہاں مزید صنعتی مواقع تلاش کرنے کی خواہاں ہے۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نےجرمن کمپنی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 250 ملین آبادی ایک بڑی مارکیٹ کی حیثیت رکھتی ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے جرمنی کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر نے جرمن کمپنی کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں، بڑھتے ہوئے معاشی استحکام اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخی کامیابیوں کے تناظر میں یہ سرمایہ کاری انتہائی بر وقت اور منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔